راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کے کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم اگر ورلڈکپ سے باہر ہوئی ہے تو اس کی قصوروار صرف پاکستان ٹیم ہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں بیٹسمینوں کے لیے رنز کرنا انتہائی آسان رہا ہے مگر قومی ٹیم کے بیٹسمین ذمہ داری نبھانے میں مکمل ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میگاایونٹ میں پاکستان ٹیم کو سب سے زیادہ نقصان ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست سے ہوا۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ورلڈکپ کے ابتدائی میچ میں جب ٹیم اتنی بری طرح ہار جائے تو حوصلے پست ہو جاتے ہیں۔ شعیب اختر نے کھلاڑیوں کے علاوہ ٹیم مینجمنٹ کو بھی نہ بخشا۔ انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹ میں ٹیم مینجمنٹ کی بزدلانہ حکمت عملی نظر آئی جو کہ پاکستان کی شکستوں کی ایک اور وجہ ہے۔