سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ گلی محلے کی کرکٹ نہیں کہ کوئی آپ کے پیار میں جیت یا ہار جائے، کوئی ٹیم آپ کے لیے کیوں جان بوجھ کر ہارے گی۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دوسری ٹیموں کے بارے میں کہنا مناسب نہیں کہ وہ ہار جاتے، وہ جیت جاتے، دوسری ٹیمیں بھی ورلڈ کپ کھیلنے آئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ سابق کرکٹرز بھی ایسی باتیں کر رہے ہیں کہ فلاں ٹیم جان بوجھ کر ہار جائے گی، لگتا ہے انھیں کرکٹ کی سمجھ بوجھ ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو درپیش مسائل کا حل کوئی نہیں بتاتا، بس سب تنقید کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے آخری میچز بہت اچھے کھیلے، اچھی کارکردگی کی وجہ سے پاکستان ٹیم نے کم بیک کیا لیکن ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بری شکست سے پاکستان ٹیم رن ریٹ کے چکر میں پھنسی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ پاکستان ٹیم کو ہارنا نہیں چاہیے تھا۔