بیس سال تک ایک روزہ کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر شعیب ملک نے ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی مگر بدقسمتی سے شعیب ملک کو الوداعی میچ نہیں مل سکا۔ انھوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ بھارت کے خلاف کھیلا جس میں وہ صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے بعد شعیب ملک کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
شعیب ملک نے پریس کانفرنس میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دو سال قبل ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ورلڈکپ 2019 کے بعد لوں گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ افسوس ہے کہ کرکٹ کے جس فارمیٹ سب سے زیادہ پسند کرتا تھا وہ چھوڑ رہا ہوں اور ٹی ٹوئنٹی پر زیادہ توجہ دوں گا۔
ان کہا کہنا تھا کہ ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے 20 سالہ کیریئر میں مجھے سپورٹ کیا۔ شعیب ملک نے 14 اکتوبر 1999 کو ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا۔ انھوں نے 287 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 34.55 کی اوسط سے 7,534 رنز بنائے اور 158 وکٹیں حاصل کیں۔