چونتیس سالہ فاسٹ بولر وہاب ریاض پاکستان کے ابتدائی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن انگلینڈ کے خلاف بولرز کی ناکامی کے بعد سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا کہ وہاب ریاض جیسے تجربہ کار فاسٹ بولر کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ وہاب ریاض نے ورلڈکپ میں تیزباؤنسرز اور یارکرز سے بیٹسمینوں کو پریشان کیے رکھا۔ انھوں نے ورلڈکپ 2019 میں آٹھ میچز کھیلتے ہوئے 11 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ وہ میگا ایونٹ میں پاکستان کے تیسرے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف آخری میچ کھیلتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی اور ورلڈکپ کی تاریخ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بن گئے۔ وہاب ریاض نے ورلڈکپ کے 20 میچوں میں 35 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ عالمی کپ میں پاکستان کے کامیاب ترین بولرز کی بات کریں تو اس فہرست میں وسیم اکرم 55 وکٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ وہاب ریاض کے بعد سابق کپتان عمران خان کا 34 وکٹوں کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔