پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے رن ریٹ کی بنیاد پر ورلڈکپ کے سیمی فائنل سے باہر ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ہیڈکوچ نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ ساؤتھ افریقہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے سرفراز احمد پر تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد ٹیم کا مورال گر گیا تھا اور سرفراز نے کھلاڑیوں کو اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مکی آرتھر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ناکامی کو رن ریٹ خراب ہونے کی وجہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم کو جس طرح شکست ہوئی اس کے بعد ممکن ہی نہیں رہا کہ رن ریٹ کو واپس اوپر لایا جاتا، رن ریٹ پر ٹیم کے باہر ہونے کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے لیے ہیڈ ٹو ہیڈ کا قانون ہونا چاہیے۔ سابق ساؤتھ افریقی کپتان گریم اسمتھ نے بھی مکی آرتھر کی تائید کی اور کہا کہ میں ان کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔