بنگلہ دیش کی ٹیم ورلڈکپ سے باہر ہو چکی ہے مگر بنگال ٹائیگرز کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے میگاایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شکیب الحسن نے 600 سے زائد رنز بنائے اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا میری کامیابی کا راز میری پراعتمادی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے پہلے میچ سے پہلے ہی مجھے محسوس ہو رہا تھا کہ اس مرتبہ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا، میں نے ذہنی طور پر خود کو مضبوط کیا اور ہر میچ کیلئے پلان تیار کیا اور اسی پر عمل کیا۔ شکیب الحسن نے کہا کہ ورلڈکپ 2015 کے ابتدائی میچوں میں اچھا پرفارم کیا تھا مگر اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار نہیں رکھ سکا تھا لیکن اس مرتبہ زیادہ محنت کی تھی۔ 32 سالہ آل راؤنڈر نے 8 میچوں میں 86.57 کی اوسط سے 606 رنز اسکور کیے اور 11 وکٹیں بھی حاصل کیں۔