ورلڈکپ مشن میں ناکامی کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے ہیڈکوچ اسٹیو رہوڈز کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ناظم الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ بورڈ نے کرکٹ کی بہتری کے لیے باہمی رضامندی سے ہیڈکوچ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ناظم الدین چوہدری کے مطابق بنگلہ دیشی کھلاڑی کرکٹ کے عالمی میلے میں بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے جس وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ چیئرمین بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ چونکہ رواں ماہ ٹیم کو سری لنکا کے دورے پر جانا ہے اس لیے ابھی صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے لیکن آئندہ ماہ تمام کوچز تبدیل ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق انگلش وکٹ کیپر اسٹیو رہوڈز نے گزشتہ سال ہی بنگلہ دیش کے ہیڈکوچ کی حیثیت سے فرائض سنبھالے تھے اور ان کا معاہدہ اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ولڈکپ تک کا تھا۔