ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے سے پہلے باہر ہونے کے بعد ہر کوئی کپتان تبدیل کرنے کی بات کر رہا ہے۔ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم سے پریس کانفرنس میں سوال ہوا کہ کیا وہ کپتان یا نائب کپتان بننے کیلئے تیار ہیں؟ بابر اعظم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مجھے ٹیم میں جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے کوشش کرتا ہوں کہ اسے اچھے طریقے سے نبھاؤں۔ انھوں نے کہا کپتان یا نائب کپتان مقرر کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہے۔ عالمی کپ میں بابراعظم نے 474 رنز اسکور کر کے پاکستان کی جانب سے ایک ورلڈکپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ بابر اعظم نے کہا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں نے جاوید میانداد جیسے لیجنڈری بیٹسمین کا ریکارڈ توڑا اور میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔