پاکستان کے نوجوان اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے اپنے ون ڈے ڈیبیو کے بعد سے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اس کے باوجود ان پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ ان کے چچا انضمام الحق چیف سلیکٹر ہیں اس لیے وہ قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
امام الحق کی بیٹنگ کے اعدادوشمار ان کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں لیکن اسٹرائیک ریٹ جدید دور کی کرکٹ کے مطابق زیادہ نہیں ہے۔ انھوں نے یہ بات تسلیم کی اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس کو بہتر کر لیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امام الحق نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ ان کا موازنہ بھارت کے اوپننگ بیٹسمین روہت شرما سے مت کریں کیونکہ انھوں نے اپنے ون ڈے کیریئر میں بہت زیادہ میچز کھیلے ہیں جبکہ ابھی میرے کیریئر کا آغاز ہے۔
انھوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز پر روہت شرما بھی مشکلات سے دوچار تھے لیکن ٹیم مینجمنٹ نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور آج نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ امام الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بھی سپورٹ کریں، ہم سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔