فاسٹ بولر سہیل تنویر نے موجودہ پاکستان ٹیم میں محمد عامر کو سب سے بہترین بولر قرار دے دیا۔ سہیل تنویر نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر اس قسم کے بولر ہیں جنہیں پاکستان کی کسی بھی فارمیٹ کی ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا جا سکتا تھا۔ سہیل تنویر نے بتایا کہ انھیں بہت خوشی ہوئی تھی جب محمد عامر کو ورلڈکپ کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا جبکہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ محمد عامر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جاتا تو پاکستان ٹیم کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا۔ قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سہیل تنویر نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست نے گرین شرٹس کو ورلڈکپ میں بہت نقصان پہنچایا مگر آخری میچوں ٹیم نے زبردست پرفارم کیا۔