مکی آرتھر پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ برقرار رہیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ آئندہ چند روز میں ہو جائے گا۔ 2016 کے بعد سے مکی آرتھر کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے تو ون ڈے اور ٹیسٹ میں پاکستان کا ریکارڈ خراب رہا جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس انتہائی شاندار رہی ہے۔ مکی آرتھر نے 6 مئی 2016 کو پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ کی ذمہ داری سنبھالی۔ ان تین برسوں میں پاکستان ٹیم کی ون ڈے اور ٹیسٹ میں پرفارمنس مایوس کن رہی۔ قومی ٹیم نے اس عرصے کے دوران 11 ون ڈے سیریز کھیلیں، 4 میں کامیابی حاصل کی اور 7 میں شکست ہوئی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور زمبابوے جیسی کمزور ٹیموں کیخلاف سیریز میں فتح سمیٹی۔ ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی۔ گرین شرٹس نے 10 میں سے صرف دو ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی، سات سیریز میں ناکامی ہوئی اور ایک سیریز ڈرا ہوئی۔ مکی آرتھر کی کوچنگ میں شاہینوں نے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے 37 میں سے 30 میچز میں فتح سمیٹی اور صرف سات میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی۔