گزشتہ دنوں سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے رویندر جدیجا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسے کرکٹرز پسند نہیں جو تھوڑی بیٹنگ اور تھوڑی بولنگ کر سکیں۔
رویندر جدیجا نے بھی ان کے طنز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ سے زیادہ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں رویندر جدیجا نے سنجے منجریکر کو اپنی پرفارمنس سے کرارا جواب دیا۔
پہلے انھوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں 34 رنز دے کر ایک وکٹ لی پھر جب بھارتی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوئی تو انھوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنایا۔
انھوں نے 59 گیندوں پر 77 رنز بنائے اور دھونی کے ساتھ زبردست شراکت قائم کی مگر اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ میچ کے بعد سنجے منجریکر کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا۔
انھوں نے کہا کہ رویندر جدیجا نے آج مجھے ہر سطح پر غلط ثابت کر دیا ہے، نصف سینچری کے بعد جب انھوں نے کمنٹیٹرز روم کی طرف دیکھا تو میں وہاں نہیں تھا بلکہ کھانا کھا رہا تھا۔