ورلڈکپ کے دوران ایک برطانوی اخبار نے انکشاف کیا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم توہم پرستی کا شکار ہے اور میچز سے پہلے آسٹریلیا کے کھلاڑی ننگے پاؤں گراؤنڈ کا چکر لگاتے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے انھیں کامیابی ملتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لینگر نے گزشتہ دنوں ورلڈکپ کے ایک میچ کے دوران ٹیم کو ننگے پاﺅں گراﺅنڈ میں ایک دائرے کی شکل میں بٹھائے رکھا۔
جسٹن لینگر سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انھوں نے اپنے توہم پرست ہونے کا اعتراف کیا۔ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے شاندار آغاز کیا تو مائیکل وان نے توہم پرستی پر ٹویٹ کر ڈالا۔
مائیکل وان نے کہا کہ آسٹریلیا کو ننگے پاؤں بولنگ کرنی چاہیے جس پر آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے مائیکل وان کو احمق قرار دے دیا۔ کیون پیٹرسن نے بھی کینگروز پر طنز کرنے کیلئے کچھ ایسا ہی ٹویٹ کیا لیکن بعد میں ڈیلیٹ کر دیا۔