بابر اعظم نے اپنے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا شاندار آغاز کیا ہے اور مستقبل میں انھیں پاکستان کا سب سے اہم بیٹسمین قرار دیا جا رہا ہے۔ بابر اعظم اب تک 72 ایک روزہ میچوں میں 53.55 کی شاندار اوسط سے 3,213 رنز بنا چکے ہیں۔ پاکستان کے کسی کھلاڑی نے 72 میچوں میں اتنے رنز اسکور نہیں کیے۔ ٹی ٹوئنٹی کے نمبرون بیٹسمین بابر اعظم 30 میچوں میں 1,247 رنز بنائے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا ریکارڈ ابھی تک اتنا خاص نہیں رہا۔ انھوں نے 21 ٹیسٹ میچوں میں 35 کی اوسط سے 1,235 رنز اسکور کیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز یونس خان کو حاصل ہے جنہوں نے 118 ٹیسٹ میں 10,099 رنز اسکور کیے۔ ون ڈے میں انضمام الحق 11,701 رنز بنا کر پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں شعیب ملک 2,251 رنز بنا کر پہلی پوزیشن پر فائز ہیں۔ ماہرین کے مطابق بابر اعظم ایسی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے رہے تو وہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے ٹاپ اسکورر بن سکتے ہیں۔