ورلڈکپ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کم از کم ڈھائی سے تین ماہ آرام کرے گی جس کے بعد پھر سے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہو گا۔ قومی ٹیم کے نئے امتحان کا آغاز اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہو گا۔ پی سی بی ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کے لیے کوشاں ہے تاہم سری لنکا نے ابھی تک حتمی جواب نہیں دیا ہے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پاکستان میں نہ ہوئی تو یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ نومبر میں پاکستان ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہو گی۔ دسمبر میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ جنوری میں پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ پی سی بی بنگلہ دیش کو بھی پاکستان لانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ آئندہ سال پاکستان ٹیم دو بڑے ایونٹس میں شرکت کرے گی جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ شامل ہے۔ اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے۔