چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی ملک میں ٹیسٹ کرکٹ واپس لانا چاہتے ہیں اسی حوالے سے بورڈ رواں سال سری لنکا کو پاکستان کے دورہ پر قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پی سی بی نے کئی ماہ قبل سری لنکن بورڈ کو دعوت دی تھی کہ وہ کراچی اور لاہور میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے ٹیم کو بھیجے مگر سری لنکا نے تاحال دورہ کی تصدیق نہیں کی ہے۔ احسان مانی آئی سی سی اجلاس کے دوران سری لنکن بورڈ حکام کو دورہ پاکستان پر رضامند کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کو لے کر سری لنکا مطمئن ہے مگر کھلاڑیوں کو ہوٹل تک محدود رکھنے کی منصوبہ بندی پر انھیں اعتراض ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن بورڈ حکام کا کہنا ہے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں یہ ممکن ہے مگر ٹیسٹ سیریز میں کھلاڑیوں کو ہوٹل تک محدود رکھنا انھیں منظور نہیں۔