پاکستان ٹیم کے اوپنرز اس وقت مشکلات سے دوچار ہیں اور شائقین کو ایک مرتبہ پھر شرجیل خان کی یاد ستا رہی ہے۔ جارح مزاج اوپنر شرجیل خان کی پابندی اگست میں ختم ہو جائے گی جس کے بعد وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کر سکتے ہیں۔ آئندہ برس پاکستان ٹیم کو دو بڑے ایونٹس میں شرکت کرنا ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ شامل ہے۔ اگر شرجیل خان ڈومیسٹک میں اچھی پرفارمنس دینے میں کامیاب ہوتے ہیں تو سلیکٹرز انھیں ضرور موقع دے سکتے ہیں۔ اگلے پی ایس ایل ایڈیشن میں کسی ٹیم نے انھیں ٹیم میں شامل کیا تو ان کی ٹیم میں واپسی کی راہ مزید آسان ہو سکتی ہے۔ شرجیل خان نے 25 ون ڈے، 15 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔