شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری ہے کہ ورلڈکپ کے بعد کرکٹ ایکشن ختم نہیں ہو گا۔ ورلڈکپ کے 11 روز بعد ہی شائقین دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کا دوسرا ایڈیشن 25 جولائی سے شروع ہو گا اور 11 اگست تک نان اسٹاپ ایکشن جاری رہے گا۔
ایونٹ میں پاکستان کے شاہد آفریدی، بھارت کے یووراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، آسٹریلیا کے کرس لین اور سری لنکا کے تھیسارا پریرا سمیت دنیا بھر کے کئی اسٹار کرکٹرز اپنا جلوہ دکھائیں گے۔
گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کا پہلا ایڈیشن گزشتہ سال ہوا تھا جس میں وینکوور نائٹس نے کامیابی حاصل کی تھی اور اسے پہلے ہی سیزن میں کافی پذیرائی ملی تھی۔