ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے پر افغانستان کرکٹ بورڈ نے بڑی تبدیلیاں کر دیں۔ میگا ایونٹ میں ٹیم میں کی قیادت کرنے والے گلبدین نائب کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ نوجوان لیگ اسپنر راشد خان کو تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
ورلڈکپ سے پہلے افغانستان کی ٹیم کے کپتان اصغر افغان تھے جنہیں اب نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت رحمت شاہ کے سپرد تھی اور انھوں نے ایک میچ میں بھی یہ ذمہ داری نہیں نبھائی تھی۔
بطور ٹیسٹ کپتان راشد خان کا پہلا بڑا امتحان بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ ہو گا جو کہ ستمبر میں شیڈول ہے۔ اس کے بعد افغانستان کو بنگلہ دیش میں سہہ ملکی سیریز کھیلنی ہے جس میں زمبابوے کی ٹیم بھی شرکت کرے گی۔
رواں سال افغانستان نے تین ون ڈے، تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی میزبانی بھارت میں کرنی ہے جو کہ پانچ نومبر سے یکم دسمبر تک شیڈول ہے۔