بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اپنے کرکٹ کیریئر کے آخری حصے میں قدم رکھ چکے ہیں اور بھارتی سیاسی جماعت بی جے پی کے رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ دھونی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بی جے پی کو جوائن کریں گے۔ سابق مرکزی وزیر سنجے پاسوان نے کہا ہے کہ دھونی بی جے پی کی رکنیت حاصل کریں، اس کیلئے کئی مرتبہ ان سے بات کی گئی ہے اور پارٹی کے بڑے لیڈرز بھی دھونی سے ملاقات کر چکے ہیں۔ بی جے پی رہنما نے کہا کہ وہ کسی لیڈر سے زیادہ عوام کو متاثر کریں گے، ہماری پارٹی کی کوشش ہے کہ ہر فیلڈ کے رول ماڈل کو جوڑیں۔ اس حوالے سے کانگریس کا کہنا ہے کہ اگر دھونی کو سیاست میں آنا ہے تو وہی طے کریں کہ انھوں نے کون سی پارٹی جوائن کرنی ہے۔