انگلینڈ اینڈ ویلز میں ہونے والے ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے ہار گئی تھی جس کا ذمہ دار سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔ بھارت میں یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ دھونی کو کرکٹ سے ریٹائر ہو جانا چاہیے جبکہ اطلاعات کے مطابق دھونی بھی اپنے مستقبل کا فیصلہ چند روز میں کر لیں گے۔ چنائی سپر کنگز کی ٹیم انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر مہندر سنگھ دھونی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو وہ صرف انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ ہوں گے اور آئی پی ایل کھیلتے رہیں گے۔ مہندر سنگھ دھونی آئی پی ایل میں چنائی سپر کنگز کی قیادت کرتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہندر سنگھ دھونی کو دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ویرات کوہلی اور جسپریت بمراہ کو آرام کی غرض سے ٹیم میں منتخب نہیں کیا جائے گا۔