قومی ون ڈے ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین عابد علی پاکستان کی ٹیم میں شامل ہوئے تو انھوں نے سینچری کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا مگر ان کی فٹنس پر سوالات اٹھے جس وجہ سے عابد علی نے اپنی فٹنس پر کام شروع کر دیا ہے۔ عابد علی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم منیجمنٹ اور ٹرینرز نے پلان دیا تھا اس پر باقاعدگی سے عمل کر رہا ہوں اور فٹنس بہتر بنا رہا ہوں۔ انھوں کہا کہ سخت گرمی کے باوجود ٹریننگ کر رہا ہوں تاکہ جب بھی موقع ملے اپنی سو فیصد پرفارمنس کا مظاہرہ کر سکوں۔ ان کا کہنا تھا کہ آگے بہت اچھی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز آ رہی ہے اس لیے کوشش ہے کہ ہر موقع کے لیے خود کو تیار رکھ سکوں۔ عابد علی انگلینڈ جانے والی سترہ رکنی ٹیم میں شامل تھے مگر حتمی پندرہ رکنی ورلڈکپ اسکواڈ سے انھیں ڈراپ کر دیا گیا تھا۔