وزیراعظم عمران خان اس وقت سرکاری دورے پر امریکہ میں موجود ہیں جہاں انھوں نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کی بہتری پر بھی بات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈکپ 2019 میں قومی ٹیم توقعات پر پورا نہیں اتر سکی مگر اگلے ورلڈکپ کیلئے بہترین ٹیم تیار کریں گے۔ ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان نے کہا کہ میں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے مگر پاکستان میں جو ٹیلنٹ دیکھا وہ اور کہیں دیکھنے کو نہ ملا مگر صرف ٹیلنٹ سے ٹیمیں ورلڈ چیمپئن نہیں بنا کرتیں بلکہ بہتر سسٹم بھی ضروری ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان میں میرٹ کا سسٹم ٹھیک نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم دوسری ٹیموں سے پیچھے ہو گئے ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سسٹم اور بہترین ٹیلنٹ کی بنیاد پر اگلے ورلڈکپ کی ٹیم تیار کریں گے۔