پاکستان کرکٹ بورڈ رواں سال سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پاکستان میں کھیلنے کا خواہشمند ہے۔ پی سی بی اور سری لنکا کرکٹ حکام کے درمیان اس سلسلے میں کئی بار رابطہ ہو چکا ہے۔ ان رابطوں کا سری لنکا کرکٹ نے مثبت جواب دیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ حکام نے حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ کا وفد اگست میں پاکستان آئے گا۔ سری لنکا کے سیکیورٹی وفد کی آمد کی تاریخیں ابھی طے نہیں پائی جس پر پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وفد کی آمد کی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اکتوبر میں شیڈول ہے۔