انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چند دن قبل زمبابوے کرکٹ کو جمہوری انداز میں نہ چلانے پر معطل کیا گیا تھا جس پر زمبابوین کھلاڑی سکندر رضا آئی سی سی سے ناخوش ہیں۔ اس پابندی کے بعد زمبابوے کے کھلاڑی اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
سکندر رضا نے اس معاملے کی وجہ سے آئی سی سی پر کئی سوال اٹھا دیے۔ سکندر رضا کا کہنا ہے کہ مجھے آئی سی سی کے اس فیصلے پر ابھی تک حیرت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کے اس اقدام سے کھلاڑیوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا کام کرکٹ کو بڑھانا ہے کم کرنا نہیں۔ سکندر رضا نے مزید کہا کہ زمبابوے کے پلئیرز پوری دنیا میں ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیل رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں اپنی کرکٹ بہتر کرنے کے لیے اپنا ڈومیسٹک اسٹرکچر بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔