بلوچستان میں کرکٹ سے پیار کرنے والے شائقین کو خوشخبری مل گئی۔ کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم پانچ فرسٹ کلاس میچز کی میزبانی کرے گا جس کے ساتھ مستقبل میں پی ایس ایل میچز کی میزبانی کے بھی راستے کھلیں گے۔ بلوچستان کی ٹیم اپنے ہوم میچز بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے گی اس طرح ملک کے ایک اور فرسٹ کلاس سینٹر میں فرسٹ کلاس میچوں کا دوبارہ انعقاد ہو سکے گا۔ بلوچستان میں دہشتگردی کی وجہ سے بگٹی اسٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچوں کی سرگرمیاں معطل تھیں۔ پی سی بی اس وقت بگٹی اسٹیڈیم کو پرانی شکل میں بحال کرنے کے لیے محنت کر رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں انٹرنیشنل میچوں کا سلسلہ بھی شروع ہو۔ توقع ہے کہ پی سی بی آئین میں ترمیم کے بعد ستمبر میں قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گا۔