بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ورلڈکپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست پر بول پڑے۔ ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ جب آپ نے کوئی غلطی نہ کی ہو اور کوئی اچانک آپ سے زیادہ بہتر کھیل جائے تو یہ ہضم کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم نے ورلڈکپ میں زیادہ غلطیاں نہیں کیں لیکن یوں اچانک ایک ٹیم کے زیادہ بہتر کھیلنے سے ورلڈکپ سے باہر ہو جانا آسانی سے ہضم نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ٹیم اچھا نہیں کھیلتی تو غلطیوں کی نشاندہی کر کے شکست کو قبول کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹیم کا ہر کھلاڑی افسردہ تھا تاہم کوچ اور میں نے کھلاڑیوں کو یہ کہہ کر حوصلہ دیا کہ ٹیم نے پورے ورلڈکپ میں شاندار کھیلا جس پر ہم سب کو فخر کرنا چاہیے۔