پاکستان کرکٹ کے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی منظوری پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان نے دے دی ہے جس کے مطابق چھ صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اہل ہوں گی جبکہ ڈیپارٹمنٹس کا فرسٹ کلاس کرکٹ سے کردار ختم ہو جائے گا۔ نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے لیے پی سی بی کے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے جس کیلئے پی سی بی کے قانونی شعبے نے نیا آئین حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو لاگو کرنے کے لیے تمام ضروری امور طے کر لیے گئے ہیں اور اب نئے آئین کی منظوری کا انتظار ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم کابینہ کے اجلاس میں نئے آئین کی منظوری دے دیں گے جس کے بعد نیا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر پر بلا روک ٹوک عملدرآمد ہو سکے گا۔