انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ لارڈز کے میدان میں کھیلا جا رہا ہے جہاں پہلے روز آئرش بولرز نے انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلے سیشن میں ہی 85 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جوئے ڈینلے 23 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہی نہ ہو سکے۔ آئرلیںڈ کی جانب سے ٹم مورٹاگ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے نو اوورز میں 13 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ آئرش ٹیم کی جانب سے مارک ایڈیر دوسرے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 7.4 اوورز میں 32 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ بوئیڈ رینکن نے دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور صرف 207 رنز ہی بنا سکی۔ یاد رہے دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ کے پہلے روز 20 وکٹیں گریں۔