بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال مارچ میں ایشیا الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کروانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ یہ میچز بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی سالگرہ پر ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کھیلے جائیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن کے مطابق اگلے سال مارچ میں صرف دو انٹرنیشنل ٹیمیں ہی سیریز کھیلنے میں مصروف ہوں گی اور ہماری کوشش ہے کہ ان دو میچز کے لیے نامور کھلاڑیوں کو ٹیموں کا حصہ بنایا جائے۔ شیخ مجیب الرحمان 17 مارچ 1920 کو پیدا ہوئے تھے اور ان کی سالگرہ کے روز پورے ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ اگلے سال ان کی 100ویں سالگرہ ہو گی جس کو یادگار بنانے کے لیے بنگلہ دیش میں بڑی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔