پی سی بی نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تعاون سے بائیو مکنیکس لیب قائم کی جس کو آئی سی سی کی منظوری مل گئی ہے۔ یہ دنیا کی پانچویں بائیو مکینکس لیب ہو گی۔
پی سی بی کے مطابق لیب میں ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کے مشکوک اور غیرقانونی بولنگ ایکشن ٹیسٹ کیے جا سکیں گے اور پھر ان کو درست کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جنرل مینجر کرکٹ جیف آلارڈائس کا کہنا ہے کہ لیب کی منظوری پی سی بی کی غیرقانونی بولنگ ایکشن سے نمٹنے کی کوششوں کا عکاس ہے۔
ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ماضی میں کھلاڑیوں کو ایکشن کی درستگی میں مشکلات پیش آتی رہی ہیں لیکن بائیو مکینکس لیب کی وجہ سے غیرقانونی ایکشن کے حامل بولرز کو فائدہ ہو گا۔
اس سے قبل برسبین، لف برا، چنائی اور پریٹوریا میں بائیو مکینکس لیب قائم ہیں۔ اس احسن اقدام پر محمد حفیظ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس پر محنت کی۔