پانچ اگست سے انگلینڈ میں ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیموں کی ورلڈ سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان سمیت پانچ مختلف ملکوں کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان ڈس ایبلڈ ٹیم سے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کو بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ راشد لطیف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں کرکٹ کھیلنے کا بھرپور جذبہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ قومی ڈس ایبلڈ ٹیم انگلینڈ میں ہونے والی ورلڈ سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اس سیریز کیلئے بہت محنت کی ہے اور اس ٹیم میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ راشد لطیف نے اپنی اکیڈمی کے کوچنگ اسٹاف اور تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو گزشتہ کچھ ماہ سے قومی ڈس ایبلڈ ٹیم کو ورلڈ سیریز کی تیاریاں کروانے میں مصروف تھے۔ پاکستان ٹیم ورلڈ سیریز کا اپنا پہلا میچ انگلینڈ کیخلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ 9 اگست کو کھیلا جائے گا۔