کرکٹ آسٹریلیا نے بگ بیش لیگ کے اگلے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ دنیا بھر کی زیادہ تر ٹی ٹوئنٹی لیگز میں چار ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر کے فائنل میں جانے کی راہ ہموار کرتی ہیں مگر بگ بیش لیگ کے آئندہ سیزن میں یہ موقع 5 ٹیموں کو ملے گا۔
سب سے پہلے ایلیمینیٹر میچ ہو گا جس میں چوتھی اور پانچویں نمبر کی ٹیم حصہ لیں گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔
دوسرا میچ کوالیفایئر ہو گا جس میں پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، جیتنے والی ٹیم فائنل میں اور ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا۔
تیسرا ناک آوٹ میچ ہو گا جس میں ایلیمینیٹر کی فاتح اور تیسرے نمبر کی ٹیم مدمقابل ہو گی۔ چوتھا میچ چیلینجر ہو گا جس میں کوالیفائیر کی شکست خوردہ اور ناک آؤٹ جیتنے والی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
ایونٹ کا فائنل 8 فروری کو کھیلا جائے گا جس میں کوالیفائیر اور چیلنجر میچ کی فاتح ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ بگ بیش لیگ کا آغاز 17 دسمبر سے ہو گا۔