پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈمین ظہیر عباس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹیم کے لیے غیرملکی کی بجائے مقامی کوچ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ظہیر عباس نے کہا کہ گزشتہ بیس سال میں پی سی بی نے غیرملکی کوچز پر بہت انحصار کیا ہے جو کہ ٹھیک نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بہت ٹیلنٹ دیا ہے اور ہمارے مقامی کوچز نے ٹیم کو بہت فائدہ پہنچایا ہے اس لیے ہمیں انھیں ہی ترجیح دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر غیرملکی کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انھوں نے کوئی خاص کارنامہ انجام نہیں دیا اور کسی کوچ کو چیمپئنز ٹرافی کی فتح پر دس سال نہیں دیئے جا سکتے۔ ظہیر عباس نے مزید کہا کہ ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بڑی شکست کے بعد کوچز کو رن ریٹ بہتر کرنے کے لیے پلان بنانا چاہیے تھا جو نظر نہیں آیا۔