انگلیںڈ میں جاری ٹی ٹوئنئی بلاسٹ میں بابر اعظم کا بلا مسلسل رنز اگل رہا ہے لیکن بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ان کے رنز ٹیم کو کامیابی دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز سمرسیٹ اور سسیکس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں تو سسیکس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 184 رنز اسکور کیے جس میں ایلکس کیری کے 78 اور لوری ایونز کے 33 رنز شامل تھے۔ ہدف کے تعاقب میں ٹام بینٹن اور بابر اعظم نے ٹیم کو 96 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ٹام بینٹن 51 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے لیکن بابر اعظم کی پیش قدمی جاری رہی جس کو 83 رنز پر بریک لگی اور وہ راشد خان کا شکار ہو گئے۔ اس کے بعد آنے والے بیٹسمین مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے جس وجہ سے سمرسیٹ کو 13 رنز سے ناکامی ہوئی۔ پچھلے میچ میں ہیمپشائر کیخلاف کھیلتے ہوئے بابر اعظم نے *95 رنز اسکور کیے تھے اور اس میچ میں سمرسیٹ کو شکست ہوئی تھی۔