بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز نے کپتان ویرات کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما کے درمیان اختلافات کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے چیف ونود رائے نے کہا کہ یہ کہانیاں میڈیا کی تخلیق کردہ ہیں جسے سوشل میڈیا پر زیادہ ہوا دی گئی مگر میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم متحد ہے اور آئندہ بھی متحد ہو کر کھیلے گی۔ یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان ورلڈکپ کے بعد سے اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ویرات کوہلی یا روہت شرما میں سے کسی نے بھی ابھی تک ان خبروں کی تردید نہیں کی ہے۔