حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے انگلش کاﺅنٹی کرکٹ کا حصہ نہیں بن پا رہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ایسیکس کی نمائندگی کرنی ہے اور اب تک وہ تین میچز نہیں کھیل سکے ہیں۔ محمد عامر کو کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے ویزہ کیٹگری تبدیل کرنی ہے جس کے لیے انھوں نے درخواست دے رکھی ہے۔ ان کے ترجمان کے مطابق محمد عامر پاسپورٹ ملنے کے بعد اگلے ہفتے تک میچز کھیل سکیں گے۔ عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد میڈیا رپورٹس میں یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ محمد عامر طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد برطانوی شہریت کے حصول کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔