کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین کرس گیل وینکوور نائٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز مونٹریئل ٹائیگرز کے خلاف کھیلتے ہوئے کرس گیل نے مخالف ٹیم کے بولرز کو دن میں تارے دکھا دیے۔ مونٹریئل ٹائیگرز کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جو کرس گیل نے غلط ثابت کر دیا۔ کرس گیل بیٹنگ کرنے میدان میں اترے تو انھوں نے آغاز سے ہی طوفانی بیٹنگ کی۔ جارح مزاج بیٹسمین نے 54 گیندوں پر *122 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 12 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت وینکوورنائٹس نے مقررہ بیس اوورز میں 276 رنز اسکور کیے۔ خراب موسم کی وجہ سے دوسری اننگز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔