کینیڈا میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کا دوسرا ایڈیشن جاری ہے جس میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ساتویں میچ میں ٹورنٹو نیشنلز اور ونیپیگ ہاکس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ ونیپیگ ہاکس کے کپتان ریاڈ ایمرٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ٹورنٹو نیشنلز کے بیٹسمینوں نے مخالف ٹیم کے بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ ونیپیگ ہاکس نے مقررہ بیس اوورز میں 216 رنز اسکور کیے۔ روڈریگو تھامس 65 اور کیرون پولارڈ 52 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ ونیپیگ ہاکس کی جانب سے ڈوین براوو نے چار اوورز میں 39 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کرس لین نے بھی جارحانہ انداز اپنایا۔ کرس لین نے 48 گیندوں پر 89 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں دس چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ ونیپیگ ہاکس نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کر کے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔