پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تو یہ خبریں یہ سامنے آئیں کہ محمد عامر برطانوی شہریت حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور شاید وہ انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے کے خواہشمند بھی ہیں۔
پاکستانی میڈیا میں رپورٹ ہونے والی ان خبروں پر عامر کی اہلیہ نرجس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے فیصلے پر وضاحت دینے کی ضرورت نہیں لیکن جن لوگوں نے ہمیں سپورٹ کیا ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ عامر کو انگلینڈ یا کسی اور ملک کی طرف سے کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انھیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔
انھوں نے کہا کہ صرف عامر ہی نہیں بلکہ اگر ہماری بیٹی مِنسا بھی کرکٹ کھیلنا چاہے گی تو وہ بھی اپنے باپ کی طرح پاکستان کی نمائندگی کرے گی کیونکہ یہ عامر کی خواہش ہے۔ نرجس عامر نے مزید کہا کہ عامر ٹیسٹ کرکٹ سے اس لیے ریٹائر ہوئے ہیں تاکہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے ملک کی زیادہ خدمت کر سکیں۔