قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ان کے لیے محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حیران کن نہیں کیونکہ وہ کافی عرصے سے اس بارے میں سوچ رہے تھے۔ مکی آرتھر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں بحیثیت کوچ اور انسان محمد عامر سے بہت متاثر ہوں اور ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ مینجمنٹ نے گزشتہ ایک برس میں محمد عامر کا ورک لوڈ کم کرنے کی کوشش بھی کی تاکہ وہ کرکٹ جاری رکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیئے کہ محمد عامر پانچ برس کرکٹ سے دور رہے۔ مکی آرتھر نے مزید کہا کہ اُن 5 پانچ برسوں میں عامر نے کچھ نہیں کیا لہذا ان کی جسامت اب ٹیسٹ کرکٹ سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔ واضح رہے کہ محمد عامر نے رواں ماہ 26 جولائی کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔