پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ان دنوں کراچی میں ہیں اور اگلے ایک دو روز میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے لاہور روانہ ہوں گے۔ سرفراز احمد نے کراچی میں جاری ریجنل انڈر-19 پلئیرز کے کیمپ میں شرکت کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اس موقع پر سرفراز احمد نے دعوت دینے پر کوچ مسرور احمد کا شکریہ ادا کیا۔
نوجوان پلیئرز کو لیکچر دیتے ہوئے سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کے متحد ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم متحد ہو کر کھیلی تو کامیابی ملے گی اور متحد نہیں ہو گی تو کسی نہ کسی کی چھوٹی غلطی کی وجہ سے بھی شکست ہو جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ کپتان کا کردار بھی بہت اہم ہے، کپتان کا کام ہے لڑکوں کو ساتھ لے کر چلنا اور پلیئرز کا کام ہے کپتان کو سپورٹ کرنا۔ سرفراز احمد نے کھلاڑیوں سے مزید کہا کہ ہمیشہ ٹیم کے لیے کھیلنا، جو لڑکا اپنے لیے کھیلتا ہے وہ چاہے جتنی بھی پرفارمنس کر لے لیکن کبھی ٹیم پلیئر نہیں بن سکتا۔