بھارتی کرکٹ بورڈ میں بھی تبدیلی کا نعرہ بلند ہو گیا ہے اور خبریں سامنے آئی ہیں کہ ہیڈکوچ روی شاستری سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف کو بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر بورڈ روی شاستری کے ساتھ کام جاری رکھے تو مجھے خوشی ہو گی۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ پوری ٹیم روی شاستری کے ساتھ اچھا کام کر رہی ہے اور ہم سب ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ کسی نے کوچ پر رائے لینے کے لیے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا نہ مجھے معلوم ہے کہ بورڈ کیا کرنے جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر روی شاستری مستقبل میں ہمارے ساتھ ہوں گے تو یقیناً خوشی ہو گی۔ واضح رہے روی شاستری اور دیگر اسٹاف کے معاہدے کی مدت ورلڈکپ کے بعد ختم ہو گئی تھی مگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز تک اس معاہدے میں توسیع کر دی ہے۔