میزبان ٹیم انگلینڈ کو ایشیز سیریز کی ابتداء میں ہی بڑا جھٹکا لگ گیا۔ انگلش ٹیم کے سب سے اہم فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ایجبیسٹن ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ انھیں دائیں ٹانگ کی پنڈلی میں سنجیدہ نوعیت کی تکلیف کے باعث کھیل کو ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر جانا پڑا جس کے بعد فاسٹ بولر کو ایکسرے کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن گزشتہ ماہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے ہاتھ کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد وہ آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ جیمز اینڈرسن نے گزشتہ روز چار اوورز کیے تھے اور وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے۔