جیمز اینڈرسن کے بعد انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر مارک ووڈ بھی انجری کا شکار ہو گئے۔ اسپیڈ اسٹار مارک ووڈ ورلڈکپ 2019 میں بھی انجری مسائل میں گھرے ہوئے تھے البتہ ورلڈکپ فائنل میں انھوں نے شدید تکلیف کے باوجود میچ کھیلا تھا۔ چند روز قبل مارک ووڈ کی گھٹنے کی سرجری بھی ہوئی تھی۔
فاسٹ بولر کو انجری کی وجہ سے ایشیز سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا لیکن اب مارک ووڈ کو مکمل طور پر کچھ عرصہ کے کیلئے کرکٹ سے دور ہونا پڑے گا۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مارک ووڈ ایک سیزن کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
ایشیز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انجرڈ ہونے والے جیمز اینڈرسن دوسری اننگز میں بولنگ کر سکتے ہیں۔ ان کے ساتھی فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے کہا اینڈرسن نے انھیں بتایا ہے کہ اگر ایکسرے صحیح آئے تو وہ دوسری اننگز میں بولنگ کر سکیں گے۔