پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کی کوششوں میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن بورڈ کا وفد 7 اگست کو کراچی کا دورہ کرے گا جس کے بعد وفد 8 اگست کو قذافی اسٹیڈیم لاہور اور سیف سٹی پراجیکٹ کے ہیڈکوارٹرز میں انتظامات کا جائزہ لے گا۔ سیکیورٹی وفد 9 اگست کو اسلام آباد بھی جائے گا۔ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ پر سری لنکن بورڈ اکتوبر میں ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کرے گا۔ پاکستان اور سری لنکا اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گے جو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن کا حصہ ہے۔ پاکستان میں 2009 کے بعد سے کسی ٹیسٹ میچ کا انعقاد نہیں ہو سکا ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے لیے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ٹیم ہی تھی جس پر بدقسمتی سے لاہور میں حملہ ہوا تھا۔