پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے بھارتی لڑکی سے شادی کی تصدیق کر دی۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ 20 اگست کو دبئی میں نکاح ہو گا اور رخصتی دو، تین ماہ میں ہو گی۔ گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ میں ایک سال پہلے سامعہ سے دبئی میں ملا تھا محبت کا اظہار بھی میں نے کیا اور اب ہم رشتے میں بندھنے جا رہے ہیں۔ فاسٹ بولر نے بتایا کہ وہ پاکستانی اسٹائل والی شیروانی جبکہ سامعہ انڈین ڈریس پہنیں گی۔ ایک سوال پر حسن علی نے کہا کہ مجھے پاکستان میں لڑکی پسند نہیں آئی، سوشل میڈیا پر جو تصاویر چل رہی ہیں ان میں سے ایک تصویر سامعہ کی ہے۔ حسن علی نے اپنی دلہن کے لیے نیا گھر اور فرنیچر خرید لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سامعہ گوجرانوالہ میں ہی رہیں گے۔