دو روز قبل ساؤتھ افریقہ کے کامیاب ترین ٹیسٹ بولر ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو ان کے ساتھی کھلاڑیوں اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا۔ ڈیل اسٹین کی ٹیسٹ ریٹائرمنٹ پر کئی پاکستانی کرکٹرز نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان کے لیے اچھے مستقبل کی دعا کی۔
ڈیل اسٹین نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین محمد حفیظ کے لیے بہت مشکلات پیدا کیں اور وہ کئی مرتبہ ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔ محمد حفیظ نے ڈیل اسٹین کی ریٹائرمنٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ شاندار ٹیسٹ کیریئر پر اسٹین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈیل اسٹین بہت تیز اور جارحانہ بولر تھے جن کو میں نے کھیلا۔