ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں سمرسیٹ کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم کا بلا مسلسل رنز اگل رہا ہے۔ ایسیکس کے خلاف ٹاس جیت کر سمرسیٹ کے کپتان ٹام ایبل نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بابر اعظم نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کے علاوہ ٹام ایبل نے 45 اور ایڈی بائروم نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر نے چار اوورز میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ روی بوپارہ ایسیکس کے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایسیکس کو 226 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں ایسیکس کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 12.5 اوورز میں 111 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ سمرسیٹ کے رولف وینڈر نے تین اوورز میں 32 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔