پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے۔ سری لنکا کرکٹ کا سیکیورٹی وفد کراچی میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہے۔ سیکورٹی وفد کو پی سی بی حکام نے نیشنل اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کرایا۔
پاکستان کے دورے پر آئے سری لنکن وفد کو پہلے سی پی او آفس کا دورہ کرایا گیا جہاں آئی جی سندھ سید کلیم امام نے وفد کو بریفنگ دی۔ چار رکنی وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سمیت پی سی بی حکام نے بھی وفد کو اسٹیڈیم میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر سری لنکن وفد کے سربراہ موہن ڈی سلوا انتظامات سے مطمئن دکھائی دیئے۔
انھوں نے کہا کہ وہ سری لنکا واپس جا کر اپنی رپورٹ بورڈ کو پیش کریں گے۔